ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پلوامہ تصادم: میجرسمیت 4 جوان شہید، دو دہشت گرد مارے گئے

پلوامہ تصادم: میجرسمیت 4 جوان شہید، دو دہشت گرد مارے گئے

Tue, 19 Feb 2019 00:12:34    S.O. News Service

سرینگر، 18 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پیر کو ہوئے تصادم میں ایک میجر سمیت فوج کے چار جوان شہید ہو گئے اور جیش محمد کے دو دہشت گرد مارے گئے۔اس تصادم میں ایک عام شہری کی بھی موت ہو گئی۔سیکوریٹی حکام نے یہ معلومات دی۔یہ تصادم اس جگہ سے کچھ ہی فاصلے پر ہوا ہے، جہاں تین دن پہلے 14 فروری کو سی آر پی ایف کی ایک بس پر خودکش حملہ ہوا تھا۔حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں پلوامہ ضلع کے پگلان علاقے میں ہوئے تصادم میں ایک عام شہری کی بھی موت ہو گئی۔ایک دفاعی ترجمان نے کہاکہ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ان دہشت گردوں کا تعلق 14 فروری کو ہوئے کار بم حملے سے تھا۔حکام نے بتایا کہ مارے گئے ایک دہشت گرد کی شناخت ایک مقامی رہائشی ہلال احمد کے طور پر کی گئی ہے۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق جیش محمد سے تھا۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو 14 فروری کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے مقام سے قریب 10 کلو میٹر دور ایک علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز نے رات میں علاقے کا محاصرہ کیا اور سرچ مہم شروع کی۔حکام نے بتایا کہ سرچ مہم کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد تصادم شروع ہو گیا۔پلوامہ میں 14 فروری کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے لی ہے۔ اس حملے میں سی آرپی ایف کے 40 جوان شہید ہو گئے تھے اور پانچ دیگر شدید زخمی ہوئے تھے۔


Share: